تلنگانہ 14 دسمبر 2025 (اعتماد نیوز) تلنگانہ میں آج اتوار کی صبح گرام پنچایت انتخابات کے دوسرے مرحلہ کی پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ شدید سردی اور کہر کے باوجود مختلف علاقوں میں قائم پولنگ بوتھس پر ووٹرس کی خاصی تعداد دیکھنے میں آرہی ہے اور عوام جوش و خروش کے ساتھ اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں۔ریاست بھر میں پولنگ کا عمل صبح 7 بجے شروع ہوا جو دوپہر 1 بجے تک جاری رہے گا، جبکہ دوپہر 2 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا اور اس کے فوراً بعد
نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔دوسرے مرحلہ کے تحت مجموعی طور پر 4,332 گرام پنچایتوں میں انتخابات منعقد ہورہے ہیں، تاہم 5 مقامات پر پرچہ نامزدگیاں داخل نہ ہونے کے باعث پولنگ نہیں ہوگی۔ اس مرحلہ میں 415 گرام پنچایتوں میں سرپنچ بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔بقیہ 3,906 سرپنچ عہدوں کیلئے 13,128 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ 29,903 وارڈ نشستوں کیلئے 78,158 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ دوسرے مرحلہ کے انتخابات میں مجموعی طور پر 57,22,565 ووٹرس اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔