ذرائع:
15 سال سے زیادہ پرانی گاڑیوں کو سڑک پر چلانے کے لیے گرین ٹیکس ادا کرنے کے ساتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (آر سی) کی تجدید بھی لازمی ہے۔ نجی گاڑیوں کی رجسٹریشن 15 سال اور تجارتی گاڑیوں کی سات سال تک مؤثر رہتی ہے۔ مدت مکمل ہونے کے بعد نجی گاڑیوں کی آر سی مزید پانچ سال کے لیے تجدید کرائی جاسکتی ہے۔ اس کے لیے گاڑی کا معائنہ اور ضروری دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق گرین ٹیکس، آر سی تجدید، خدماتی چارجز اور اسمارٹ کارڈ کی فیس سمیت 15 سے 20 سال سے کم عمر کی موٹر
سائیکل پر 3,400 روپے اور کار پر 10,600 روپے خرچ ہوں گے۔ 20 سال سے زیادہ پرانی موٹر سائیکل کے لیے 6,400 روپے اور کار کے لیے 15,600 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ گرین ٹیکس محکمہ ٹرانسپورٹ کے سرکاری پورٹل یا موبائل پر موصول ہونے والے لنک کے ذریعے آن لائن ادا کیا جاسکتا ہے۔ آر سی کی تجدید کے لیے فارم 25، اصل آر سی، مؤثر بیمہ، آلودگی کنٹرول سرٹیفکیٹ اور ٹیکس ادائیگی کی تفصیلات درکار ہوں گی۔ ایل پی جی، سی این جی اور صرف بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں کو گرین ٹیکس سے چھوٹ حاصل ہے، تاہم آر سی کی تجدید کے لیے مقررہ فیس ادا کرنا ہوگی۔