حیدرآباد 12 فروری 2026 (اعتماد نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی میں کل شب طالبات کے احتجاج سے کشیدگی پھیل گئی۔ان طالبات نے انتظامیہ کے رویہ اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف آرٹس کالج کے سامنے مرکزی سڑک پر دھرنا دے دیا۔جو جمعرات کی صبح تک جاری رہا ۔ان طالبات نے بتایا کہ ضلع منچریال سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ کی ماں اپنی بیٹی سے ملنے پہنچیں لیکن ہاسٹل عملے نے رات کے وقت انہیں اندر ٹھہرنے کی اجازت دینے سے صاف انکار
کر دیا اور ڈائریکٹر سے تحریری اجازت نامہ لانے کی شرط رکھ دی۔طالبات کا الزام ہے کہ ضعیف ماں کو کئی گھنٹوں تک ہاسٹل کے باہر مچھروں میں بیٹھنے پر مجبور کیا گیا اور یونیورسٹی حکام کو بارہا فون کرنے کے باوجود کسی نے مثبت جواب نہیں دیا۔مظاہرین نے مزید شکایت کی کہ ہاسٹل میں صرف رہائش کا مسئلہ نہیں بلکہ کھانے پینے کی اشیاء میں کیڑے نکلنا، پینے کے پانی اور بجلی کی عدم دستیابی، اور ٹوٹے ہوئے فرنیچر جیسے مسائل بھی روز کا معمول بن چکے ہیں۔