حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے می سیوا ڈور اسٹیپ ڈیلیوری سروس متعارف کروائی ہے، جس کے تحت اب حیدرآباد کے منتخب علاقوں میں عوام گھر بیٹھے مختلف سرکاری خدمات حاصل کرسکیں گے۔ اس سہولت کے ذریعے شہریوں کو سرکاری کاموں کے لیے می سیوا مراکز جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ تربیت یافتہ اور تصدیق شدہ نمائندے گھر پہنچ کر خدمات فراہم کریں گے۔ تاہم یہ سہولت فی الحال شہر کے تمام علاقوں میں دستیاب نہیں ہے اور اسے مرحلہ وار متعارف کروایا جا رہا ہے۔ اس سروس سے استفادہ کرنے کے لیے شہری 1100 نمبر پر کال
کرکے نمبر 1 دبائیں یا می سیوا کے ڈور اسٹیپ ڈیلیوری پورٹل dsd.meeseva.telangana.gov.in پر جاکر درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ سہولت 12 نومبر کو گچی باؤلی میں واقع سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران اجاگر کی گئی۔ اس موقع پر ریزیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشنز سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے علاقوں میں واٹس ایپ گروپس، آگاہی پوسٹرس اور خصوصی ہیلپ ڈیسک کے ذریعے عوام کو اس سہولت کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری محکموں اور رہائشی علاقوں کے درمیان رابطے کو بہتر بنانا اور عوام تک ڈیجیٹل سرکاری خدمات کو آسانی سے پہنچانا ہے۔