حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے ممتاز مجاہد آزادی اور ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی زندگی، تعلیمی خدمات اور افکار پر مبنی خصوصی کوئز کتاب کا اجراء انجام دیا۔ اس کتاب کو ایسوسی ایشن آف مائنارٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (AMEI) نے مرتب کیا ہے، جس میں ملٹی پل چوائس سوالات شامل ہیں۔ اس موقع پر اے ایم ای آئی کے صدر انور احمد کی قیادت میں ایک وفد نے وائس چانسلر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں 19 نومبر کو حیدرآباد کے ریڈ ہلز میں واقع کے ایل این پرساد آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی ایوارڈ تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ انور احمد نے بتایا کہ قومی یومِ
تعلیم، 11 نومبر کے موقع پر ریاست بھر کے 100 اسکولوں میں مولانا آزاد کی زندگی اور خدمات پر کوئز مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں۔ ان مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو 19 نومبر کی تقریب میں میڈلز سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے تمام تعلیمی اداروں سے اپیل کی کہ قومی یومِ تعلیم جوش و خروش سے منائیں اور طلبہ کو مولانا آزاد کی تعلیمی خدمات اور نظریات سے واقف کروائیں۔ انہوں نے قومی یومِ تعلیم کو تلنگانہ کے سرکاری تعلیمی کیلنڈر میں شامل کرنے پر ریاستی حکومت سے اظہارِ تشکر بھی کیا۔ اس موقع پر اے ایم ای آئی کے عہدیداران کے علاوہ مانو کے ڈپٹی رجسٹرار ڈاکٹر جمال الدین خان، پروفیسر علیم باشاہ اور ڈاکٹر محمد شاہد بھی موجود تھے۔