تلنگانہ 17 جنوری 2026 (اعتماد نیوز) بھارت راشٹرا سمیتی کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے گزشتہ 2 برسوں میں نام بدلنے کے سوا کوئی قابلِ ذکر کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت منظم طریقے سے سکندرآباد کی شناخت کو نشانہ بنا رہی ہے، جس سے عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ تلنگانہ بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت نے ٹی ایس کا نام بدل کر ٹی جی رکھ دیا، مگر اس تبدیلی سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تلنگانہ تلّی کی
علامت کو بدل کر کانگریس طرز کی علامت نافذ کی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے ریاستی نشان سے کاکتیہ کلا تھورانم کو بھی ہٹا دیا ہے، جبکہ چارمینار کو ہٹانے کی باتیں بھی کی جا چکی ہیں، جو ریاست کے وقار کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد کی شناخت مٹانے کی کوششوں کے خلاف ہی ایک پرامن ریلی کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں مختلف طبقات کے افراد نے شرکت کا ارادہ ظاہر کیا۔ ان کے مطابق یہ ریلی کسی ایک جماعت تک محدود نہیں تھی، بلکہ منتظمین نے بی آر ایس سمیت تمام جماعتوں کو مدعو کیا تھا، جس کے بعد عوامی نمائندوں نے یکجہتی کے لیے تیاری کی۔