حیدرآباد: تلنگانہ رکشنا سینا کی سربراہ کویتا نے عثمانیہ یونیورسٹی کے نان ٹیچنگ ملازمین کے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے ان کے مطالبات کی بھرپور تائید و حمایت کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 35 برسوں سے یونیورسٹی ملازمین کا استحصال کیا جا رہا ہے اور متحدہ آندھرا پردیش سے لے کر تلنگانہ کے قیام کے بعد آنے والی حکومتوں نے بھی ان کے مسائل حل نہیں کئے۔ کویتا نے مطالبہ کیا کہ ٹائم اسکیل، آؤٹ سورسنگ اور کنٹراکٹ ملازمین کو انصاف فراہم کیا جائے، زیر التواء واجبات ادا کئے جائیں، غیر منصفانہ طور پر معطل ملازمین کو بحال کیا جائے اور کنٹراکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ انہوں نے ای پی ایف، ای ایچ ایس اور پنشن کے فوائد فراہم کرنے کے ساتھ 2001 سے 2004
کے درمیان ملازمت حاصل کرنے والے ملازمین کے لئے او پی ایس نافذ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے پروفیسر منوہر کی معطلی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے گورنر سے عثمانیہ یونیورسٹی کے معاملات میں فوری مداخلت کی اپیل کی۔ کویتا نے حکومت کی جانب سے یونیورسٹی کے لئے وعدہ کردہ ایک ہزار کروڑ روپئے جاری نہ کرنے پر بھی سوال اٹھایا اور سکیورٹی ملازمین کی تقرری میں مقامی نوجوانوں کو ترجیح دینے کا مطالبہ کیا۔ کویتا نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے ملازمین احتجاج کر رہے ہیں، لیکن حکومت ان کے مسائل نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے ملازمین سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت متحد ہوکر جدوجہد جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی پارٹی ملازمین کی تحریک میں مکمل تعاون کرے گی۔