حیدر آباد 23 جولائی (یو این آئی) حیدر آباد کے علاقہ کنچا گچی باؤلی کی متنازعہ اراضی کے معاملہ پر سپریم کورٹ میں جاری سماعت کو 13 اگست تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس کیس میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات پر عدالت از خود نوٹس لے چکی ہے۔
تلنگانہ حکومت نے سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت کی ہدایات کے مطابق اس اراضی میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس حلف نامے پر جواب دینے کے لیے مدعیان نے وقت کی درخواست کی، جس پر چیف جسٹس بی آر گوائی کی قیادت والے بینچ نے سماعت کو 13 اگست تک ملتوی کر
دیا۔
واضح رہے کہ کنچا گچی باؤلی اراضی میں بغیر اجازت درختوں کی کٹائی پر عدالت نے از خود مقدمہ درج کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے وضاحت طلب کی تھی۔ پچھلی سماعت کے دوران جسٹس بی آر گوائی کی بینچ نے حکومت کو اس معاملے میں مکمل اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔
عدالتی احکامات کے تحت، تلنگانہ حکومت نے اسٹیٹس رپورٹ کو حلف نامے کی شکل میں عدالت میں داخل کیا، جس میں اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیل شامل ہے۔ اس معاملے میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی، زمین کی غیر قانونی ترقی اور عوامی مفادات کے تحفظ جیسے اہم پہلو شامل ہیں، جن پر آئندہ سماعت میں مزید غور کیا جائے گا۔