تلنگانہ 21 فروری 2026 (اعتماد نیوز) تلنگانہ کے کاماریڈی میں بی جے پی رکنِ اسمبلی کے دفتر کے باہر اُس وقت حالات کشیدہ ہو گئے جب کانگریس لیڈر اور سابق سرپنچ گری ریڈی مہندر ریڈی نے دفتر کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی۔اطلاعات کے مطابق بی جے پی رکنِ اسمبلی کے وینکٹ رمنا ریڈی اور کانگریس کے سینئر لیڈر محمد شبیّر علی کے درمیان زمینوں پر قبضے کے الزامات کو لے کر تنازعہ جاری تھا۔ شبیّر علی نے الزام عائد کیا تھا کہ رکنِ اسمبلی نے زمینوں پر ناجائز قبضہ
کیا ہے، جس پر وینکٹ رمنا ریڈی نے کھلے مباحثے کا چیلنج دیا تھا۔یہ چیلنج قبول کرتے ہوئے گری ریڈی مہندر ریڈی دیگر کانگریس کارکنوں کے ساتھ رکنِ اسمبلی کے دفتر پہنچے، تاہم بی جے پی کارکنوں نے انہیں روک دیا۔ اس دوران دونوں گروہوں کے درمیان دھکم پیل اور ہاتھا پائی ہوئی۔اسی کشیدگی کے دوران مبینہ طور پر بی جے پی کارکنوں نے مہندر ریڈی کی گاڑی پر حملہ کر کے اسے الٹ دیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی۔