تهران، 13 جون (یو این آئی) اسرائیل نے ننگی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران پر بڑا حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی، جوہری سائنسدان محمد مهدی طہرانچی اور فریدون عباسی بھی شہید ہو گئے ڈان نیوز کے مطابق اس کے علاوہ اسرائیل نے حملے میں ایران کے جوہری اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور کئی بچے بھی شہید ہوئے ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبر دار کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے ایران پر
رات کے وقت کیے گئے حملوں سے اپنی کڑوی اور تکلیف دہ تقدیر رقم کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے جمعے کو ایران کی جوہری تنصیبات ، بیلسٹک میزائل فیکٹریوں اور عسکری کمانڈرز کو نشانہ بنایا ہے اور خبر دار کیا کہ یہ ایک طویل آپریشن کا آغاز ہے جس کا مقصد تہران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنا ہے۔ ایرانی میڈیا اور عینی شاہدین نے اطلاع دی کہ ملک کی مرکزی یورینیم افزودگی تنصیب نطنز سمیت مختلف مقامات پر دھماکے ہوئے، جبکہ اسرائیل نے ممکنہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے خدشے کے پیش نظر ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا۔