دہلی 4 دسمبر 2025 (ذرائع) سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ اقرہ حسن نے آج اقلیتی امور اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو سے ملاقات کرتے ہوئے امید (UMEED) پورٹل کی آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ پیش کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اقرہ حسن نے بتایا کہ انہوں نے وزیر موصوف کے سامنے پورٹل پر پیش آنے والی تکنیکی مشکلات، سسٹم ڈاؤن ہونے کے مسائل، اور درخواست گزاروں کو
درپیش رکاوٹوں کو تفصیل کے ساتھ رکھا۔اقرہ حسن کے مطابق، ہزاروں درخواست گزار اس تکنیکی خلل کے باعث اپنی درخواستیں مکمل نہیں کر پا رہے، اس لیے آخری تاریخ میں توسیع ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر کرن رجیجو نے تمام نکات کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ اس معاملے پر مثبت انداز میں غور کیا جا رہا ہے اور جلد ہی مناسب قدم اٹھایا جائے گا تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔