ذرائع:
سوشل میڈیا کے استعمال سے بچوں پر کئی طرح کے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ ان اثرات کو روکنے کے لیے مرکزی حکومت اہم قدم اٹھانے کی تیاری کررہی ہے۔ حکومت 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پر غور کررہی ہے۔
مرکزی وزارتِ الیکٹرانکس و آئی ٹی کے سکریٹری ایس کرشنن نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ فریقوں سے مشاورت شروع کردی گئی ہے۔ حال ہی میں آسٹریلیا کے دورے کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کے آسٹریلوی
حکومت کے فیصلے کی تعریف کی تھی۔ مودی نے کہا تھا کہ ہندوستان سوشل میڈیا اور آئی ٹی کو منظم کرنے کے معاملے میں آسٹریلیا کے قوانین سے بہت کچھ سیکھ رہا ہے۔ایس کرشنن نے کہا کہ حکومت دیگر ممالک کے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہے، کیونکہ سوشل میڈیا کا بچوں پر اثر پوری دنیا کے لیے تشویش کا موضوع بن چکا ہے۔ آسٹریلیا کے قانون کے تحت فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور ایکس جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو 16 سال سے کم عمر صارفین کو روکنے کے لیے عمر کی تصدیق کرنا ہوگی۔ خلاف ورزی پر بچوں یا والدین کے بجائے متعلقہ کمپنیوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔