نلگنڈہ کے وارڈ نمبر 24 (رحمان باغ) سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کرنے والے معین الدین اور کریم نگر کے ڈویژن نمبر 59 (مکرم پورہ) سے منتخب آزاد امیدوار ماجد حسین نے آج باقاعدہ طور پر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین میں شمولیت اختیار کرلی۔ دونوں قائدین نے حیدرآباد میں واقع پارٹی ہیڈکوارٹر پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے پارٹی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین
دلایا کہ وہ تنظیم کو نچلی سطح پر مضبوط بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی کے ساتھ کام کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معین الدین اور ماجد حسین نے کہا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت مجلس اتحاد المسلمین میں شامل ہوئے ہیں اور اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے انہیں جو اعتماد دیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دیں گے۔