کیا آپ نے کبھی ایک مندر میں افطار کیا ہے ؟ ایسی ہی ایک خوبصورت مثال سامنے آئ ہے۔
کیرالا کے ضلع کاسرگوڈ میں واقع ایک قدیم مندر شری پومبَنم کُزی مندر میں مذہبی ہم آہنگی کی ایک خوبصورت مثال دیکھنے کو ملی ہے۔ اس مندر کے احاطے میں رمضان المبارک کے موقع پر دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا، جس نے مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان بھائی چارے کا پیغام دیا۔ مقامی اطلاعات کے مطابق یہ مندر کافی قدیم ہے اور حال ہی میں اس کی مرمت اور تزئینِ نو کا کام مکمل کیا گیا ہے۔ مندر میں نئی مورتی کی پُنہہ پرتشٹھا بھی انجام دی گئی۔ اس تعمیراتی اور مرمتی کام میں بڑی تعداد میں مسلمان افراد نے بھی حصہ لیا تھا۔اسی تعاون اور بھائی چارے کے جذبے کو سراہتے ہوئے مندر کمیٹی نے مندر کے احاطے میں ہی افطار
دعوت کا اہتمام کیا۔ اس افطار میں خاص طور پر اس بات کا خیال رکھا گیا کہ کھانے میں نان ویج شامل نہ ہو۔ افطار کے لیے صرف پھل، جوس اور چند ہلکے اسنیکس پیش کیے گئے، تاکہ تمام مذاہب کے لوگ آرام سے اس میں شریک ہو سکیں۔اس تقریب میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور باہمی محبت اور احترام کا مظاہرہ کیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر اسی طرح ہر مذہب کے ماننے والوں کو ایک دوسرے کے عبادت گاہوں میں جانے اور مل جل کر تقریبات منانے کی آزادی ہو تو معاشرے میں ہم آہنگی اور بھائی چارہ مزید مضبوط ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ ملک کے بعض حصوں میں مذہبی معاملات کو لے کر تنازعات بھی دیکھنے کو ملتے ہیں، لیکن کاسرگوڈ میں پیش آنے والا یہ واقعہ باہمی احترام اور رواداری کی ایک مثبت مثال بن کر سامنے آیا ہے۔