ذرائع:
حیدرآباد میں تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور نکاسیٔ آب کے مسائل پر شہریوں نے HYDRAA ہیلپ لائن سے رجوع کیا، جہاں پیر کے روز مجموعی طور پر 54 شکایات موصول ہوئیں۔ شہریوں نے شکایت کی کہ پارکوں، سڑکوں، نالوں اور سرکاری اراضی پر تجاوزات کے باعث ٹریفک، بارش کے پانی کی نکاسی اور عوامی سہولیات شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ بعض علاقوں میں پارکنگ اور غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے بارش کا
پانی جمع ہو کر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ شکایات میں راجیندر نگر، مہندر ہلز، ملکاجگیری، اپّل، سورارم، جواہر نگر، کاپرہ اور میڈچل سمیت مختلف علاقوں میں سرکاری زمینوں پر قبضوں، نالوں پر غیر قانونی تعمیرات اور خستہ حال عمارتوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ HYDRAA کمشنر اے وی رنگناتھ نے تمام شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی اور مسائل کے حل کی ہدایت دی ہے۔