ذرائع:
ال نینو کے اثرات کے پیش نظر سنگور۔مانجرا آبی ذخائر میں پانی کی سطح کم ہونے کے خدشات کے تحت حیدرآباد میں پینے کے پانی کی سربراہی متاثر ہونے سے بچانے کے لیے واٹر بورڈ نے پیشگی اقدامات تیز کردیئے ہیں۔ اس سلسلے میں روزانہ 40 ملین گیلن اضافی گوداوری پانی شہر حیدراباد منتقل کرنے کے لیے گھن پور میں پائپ لائن کنکشن کے کام انجام دیئے جارہے ہیں۔حیدراباد واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اشوک ریڈی نے پیر کو کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 15 نومبر تک ہر صورت پائپ لائن کے کام مکمل کرکے پانی کی سربراہی شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا
کہ کاموں کی تکمیل کے لیے تین شفٹوں میں 24 گھنٹے کام جاری رکھا جائے اور ضرورت کے مطابق اضافی مزدور، مشینری اور تکنیکی عملہ تعینات کیا جائے۔انہوں نے مشن بھگیرتا اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے ساتھ تال میل پیدا کرتے ہوئے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے اور سڑکوں کی کراسنگ سمیت باقی کام تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اشوک ریڈی نے کہا کہ آئندہ موسم گرما میں پانی کی طلب میں اضافے کے پیش نظر سنگور۔منجیرا پر انحصار کرنے والے علاقوں کو متبادل طور پر گوداوری پانی فراہم کرنے کے انتظامات ضروری ہیں۔ عہدیدار روزانہ کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیں اور تکنیکی رکاوٹوں کو فوری دور کریں۔