حیدرآباد پولیس کی جانب سے حسبِ روایت ہر سال کی طرح اس سال بھی تاریخی چاؤمحلہ پیلیس میں ایک پُروقار دعوتِ افطار کا اہتمام کیا گیا۔ اس باوقار تقریب میں شہر حیدرآباد کی معزز شخصیات، سیاسی قائدین، علماء کرام اور مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی، چارمینار کے رکن اسمبلی میر ذوالفقار علی، ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پرابھاکر، اقلیتی امور کے وزیر محمد اظہرالدین، شیخ الجامعہ مولانا مفتی محمد خلیل احمد، حج کمیٹی کے چیئرمین سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ تقریب کے دوران مہمانوں نے ایک دوسرے کو ماہِ رمضان المبارک کی دلی مبارکباد پیش کی اور اس بابرکت مہینے کی اہمیت، فضیلت اور
برکات پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ رمضان المبارک صبر، تقویٰ، ہمدردی اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اور ہمیں ضرورت مندوں کی مدد کرنے اور معاشرے میں محبت و اتحاد کو فروغ دینے کی تلقین کرتا ہے۔ اس موقع پر حیدرآباد پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس طرح کی تقریبات معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دینے اور پولیس و عوام کے درمیان بہتر تعلقات قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ افطار کے وقت تمام مہمانوں نے مل کر روزہ افطار کیا اور ملک و ملت کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ تقریب خوشگوار اور روحانی ماحول میں منعقد ہوئی جس میں شرکاء نے اس طرح کے پروگراموں کو سماجی ہم آہنگی کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔