حیدرآباد 21 فروری 2026 (اعتماد نیوز) حیدرآباد کے آئی ٹی کوریڈور کے قلب میں واقع کونڈا پور میں تقریباً 7 ایکڑ اراضی کو جو کہ کالونی کی عوامی ضروریات اور سہولیات کے لئے مختص تھی، لینڈ مافیا کے قبضہ سے آزاد کروا لیا گیا ہے راجا راجیشوری کالونی کے مکینوں نے حیدرا حکام کو شکایت کی تھی کہ اس قیمتی زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر کے عمارتیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔کالونی کے مکینوں کی شکایت پر حیدراکے اعلیٰ حکام نے
فوری تحقیقات کا حکم دیا جس میں یہ ثابت ہوا کہ اراضی پر غیرمجاز قبضہ کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق اوپن مارکٹ میں اس اراضی کی مالیت کا تخمینہ تقریباً 700 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ برسوں سے زیرالتوا اس سنگین مسئلہ پر حیدراکی فوری کارروائی نے لینڈ مافیا میں کھلبلی مچا دی۔آپریشن کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی اور بھاری مشنری کے ذریعہ غیر قانونی قبضوں کو منہدم کر دیا گیا۔