حیدرآباد: قطب اللہ پور میں واقع بہادرپلی ڈبل بیڈروم کالونی کے مکینوں کو قبرستان نہ ہونے کے باعث تدفین کے معاملات میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس مسئلے کے فوری حل کے لیے کالونی کے مکینوں اور مجلس اتحاد المسلمین کے مقامی ذمہ داران نے میونسپل کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری یادداشت پیش کی۔ واضح رہے کہ بہادرپلی ڈبل بیڈروم کالونی کو حکومتِ تلنگانہ کی جانب سے غریب اور مستحق افراد کے لیے الاٹ کیا گیا ہے، جہاں بڑی تعداد میں خاندان آباد ہیں۔ تاہم مسلم آبادی کے لیے قبرستان نہ ہونے کی وجہ سے مکینوں کو اپنے مرحومین کی تدفین کے لیے دور
دراز علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث انہیں کافی دشواریوں کا سامنا ہے۔اس سلسلے میں اے آئی ایم آئی ایم کے صدر محمد صادق، مقامی مجلس اتحاد المسلمین کمیٹی کے ذمہ داران اور کالونی کے رہائشیوں نے میونسپل کمشنر کے دفتر پہنچ کر ایک تحریری یادداشت پیش کی۔ وفد نے حکام سے مطالبہ کیا کہ بہادرپلی ڈبل بیڈروم کالونی کے مکینوں کے لیے جلد از جلد ایک مناسب جگہ کو مسلم قبرستان کے لیے مختص کیا جائے۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ میونسپل حکام اس اہم اور انسانی مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قبرستان کے لیے زمین الاٹ کرنے کے اقدامات کریں گے۔