میرٹھ ۔ 15 جون (ویب ڈیسک) ریاست اتر پردیش میں ایک قدیم جامع مسجد کو سرکاری اراضی پر تعمیر کردہ قرار دیتے ہوئے سرکاری حکام نے انہدام کرنے 7 دن کی نوٹس جاری کی ہے۔ یہ نوٹس ضلع میرٹھ کے کھر کھوڈہ علاقہ کے پولیس اسٹیشن کے احاطے میں واقع تاریخی جامع مسجد، جسے تھانے والی مسجد کے نام سے جانا جاتا ہے، کے انتظامی کمیٹی کے ارکان کو دی گئی ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ مسجد پولیس اسٹیشن کی اراضی پر قبضہ کر کے تعمیر کی گئی تھی، جبکہ مسجد انتظامیہ کا موقف ہے کہ یہ مسجد وقف بورڈ کی جائز جائیداد پر قائم ہے۔
پولیس کے مطابق محکمہ مال کے ایک حالیہ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مسجد کھر کھوڈہ پولیس اسٹیشن کے نام پر سرکاری طور پر رجسٹر ڈ اراضی کے ایک حصے پر تعمیر کی گئی تھی۔ یہ اسٹیشن، جو میرٹھ ۔ بلند شہر روڈ پر واقع ہے، ملک کی آزادی سے قبل تعمیر کردہ ہے۔ ریونیو ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ نمبر 1217 کے تحت تقریباً 6,450 مربع میٹر اراضی کئی دہائیوں سے پولیس اسٹیشن کی ملکیت میں ہے۔ سروے کے بعد، پولیس نے 13 جون کو مسجد کے امام
عبد الغفار کو 7 دن کا نوٹس دیا، جس میں ملکیت کے درست دستاویزات کا مطالبہ کیا گیا اور مبینہ غیر مجاز تعمیرات کو ہٹانے کی ہدایت کی۔ حکام نے بتایا کہ اتوار کی شام، 14 جون تک ، کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
کیتھور کے سرکل آفیسر پرمود کمار سنگھ نے بتایا کہ محکمہ ریونیو کی رپورٹ میں واضح طور پر اس زمین کی شناخت پولیس اسٹیشن کے احاطے کے حصے کے طور پر کی گئی ہے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (دیہی) ابھیجیت کمار نے نوٹ کیا کہ اگر چہ مسجد کئی سال پرانی ہے، لیکن یہ مسئلہ زمین کی حالیہ حد بندی کے بعد سامنے آیا۔ مسجد انتظامیہ نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔
امام عبد الغفار نے زور دے کر کہا کہ یہ اراضی 1985 میں وقف بورڈ کے نام درج کی گئی تھی اور تمام معاون دستاویزی ثبوت پہلے ہی پولیس کو پیش کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسجد ایک جائز وقف جائیداد ہے۔ دونوں فریقوں کی جانب سے متضاد دعوے پیش کرنے کے بعد، مزید کارروائی کا انحصار دستاویزات کی مکمل تصدیق اور تاریخی محصولات کے ریکارڈ کی جانچ پر ہوگا۔