آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکنِ پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی کی مؤثر نمائندگی کے نتیجے میں شہرِ حیدرآباد کے مختلف مندروں میں بونالو تہوار کے پیشِ نظر خصوصی صفائی مہم جاری ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے مندروں کے اطراف صفائی، بایو ٹوائلٹس کی تنصیب، خصوصی سینیٹائزیشن اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اسی سلسلے میں پرانا پل میں واقع شری پورنیشور مہادیو مندر کا آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سینئر و فعال کارکن دیپیش راج ورما نے دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مندر کے اطراف صفائی کے ناقص انتظامات اور جمع شدہ گندگی کا جائزہ لیا
اور فوری طور پر متعلقہ بلدیاتی عہدیداروں سے نمائندگی کرتے ہوئے صفائی کے کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ بلدیاتی حکام نے دیپیش راج ورما کو یقین دہانی کرائی کہ مندر کے اطراف فوری طور پر صفائی، سینیٹائزیشن اور دیگر ضروری انتظامات کا آغاز کیا جائے گا تاکہ بونالو تہوار کے موقع پر زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر مقامی ہندو برادری کے افراد نے بیرسٹر اسدالدین اویسی کی عوامی نمائندگی اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے بالخصوص دیپیش راج ورما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت نمائندگی کے باعث مندر کے مسائل کے حل کی جانب فوری پیش رفت ہوئی، جو قابلِ ستائش اقدام ہے۔