تلنگانہ 11 جنوری 2026 (اعتماد نیوز) تلنگانہ میں چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی میں اضافہ ہو گیا ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ رات کے ساتھ ساتھ صبح اور شام کے اوقات میں بھی سرد ہوائیں کپکپی طاری کر رہی ہیں، خاص طور پر صبح 8 سے 11 بجے اور شام 5 سے 7 بجے کے درمیان سردی زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔جمعہ کی رات سے ہفتہ کی صبح تک کئی اضلاع
میں کم سے کم درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ سنگا ریڈی ضلع کے کوہیر میں سب سے کم 7.9 ڈگری سیلسیس درج ہوا، جبکہ عادل آباد ضلع کے بھیم پور میں بھی شدید سردی رہی۔ ریاست کے 12 اضلاع میں درجۂ حرارت 10 ڈگری سے کم ریکارڈ ہوا۔محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ تین دن تک سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران کم سے کم درجۂ حرارت 11 سے 15 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔