نئی دہلی ۔ یکم جون (پی ٹی آئی) کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے پیر کو کہا ہے کہ وہ 6 جون کو امریکہ کے بوسٹن سے ہندوستان واپس لوٹیں گے اور امتحانات سے متعلق نقائص پر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے پر امن احتجاج شروع کریں گے۔ انسٹا گرام اور ایکس پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے انھیچیت دیپکے نے کاکروچ جنتا پارٹی کے حامیوں اور طلبہ سے کہا کہ وہ دہلی میں کئے جانے والے احتجاج میں شامل ہوں۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب دستور کی راہ پر چلتے ہوئے متحد ہو جائیں اور پر امن طور پر اپنی آواز اٹھاتے ہوئے دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کریں۔ اگر ہم مل کر اپنی آواز اٹھائیں تو یقینا انھیں ہماری بات سنی پڑے گی۔ دیپکے نے جو فی الحال بوسٹن میں ہیں، کا کروچ جنتا پارٹی کے حامیوں سے کہا کہ وہ 6 جون سے ان کی واپسی کے بعد دہلی ایر پورٹ پر ان سے ملیں گے۔ انھوں نے
کہا کہ میں ہفتہ 6 جون کی صبح دہلی پہونچوں گا ، براہ کرم ایر پورٹ پر آئیں ، ہم مل کر پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن جائیں گے اور جنتر منتر پر پرامن احتجاج کے لئے اجازت طلب کریں گے۔
کا کروچ جنتا پارٹی کے بانی نے بعد ازاں پی ٹی آئی کو بتایا کہ انھیں اندیشہ ہے کہ ہندوستان واپسی پر انھیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ ان کا مجوزہ احتجاج دستور میں دی گئی اظہار خیال کی آزادی اور پر امن اجتماع کی ضمانت کے تحت ہے۔ دیپکے نے کہا کہ انھیں ان کے خاندان کو دی جانے والی دھمکیوں پر تشویش ہے۔ انہوں نے نیٹ پیپر لیک ، سی بی ایس ای پرچوں کے جانچ کے نظام میں خامیوں اور CUET امتحان میں بے قاعد گیوں کے پس منظر میں یہ بات کہی۔ حال ہی میں چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت کے ایک ریمارک پر بطور احتجاج کا کروچ جنتا پارٹی کے نام سے آن لائن سوشیل میڈیا مہم شروع کی گئی تھی جسے سائبر ا پنیس میں کافی تائید حاصل ہورہی ہے۔