کولکتہ 13 دسمبر 2025 (ذرائع) کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں اس وقت اچانک شدید ہنگامہ برپا ہوگیا جب ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی کے شائقین مشتعل ہوگئے۔ نمائشی میچ میں میسی کے کھیلنے کی امید لیے ہزاروں مداح اسٹیڈیم پہنچے تھے، تاہم میسی کے میچ کھیلے بغیر ہی واپس چلے جانے پر شائقین میں شدید غصہ پھیل گیا۔برہم مداحوں نے اسٹیڈیم میں پلیکسی بورڈ پھاڑ دیئے اور میدان میں کرسیاں اور بوتلیں پھینکیں، جبکہ بعض افراد نے بیریکیڈس توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش
بھی کی، جس سے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ صورتحال بگڑتی دیکھ کر انتظامیہ اور پولیس نے فوری مداخلت کی اور اسٹیڈیم کے اطراف سیکورٹی سخت کردی۔واضح رہے کہ لیونل میسی بھارت کے دورے پر ہیں اور آج صبح کولکاتا پہنچے تھے۔ سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ایک پروگرام میں شرکت کے دوران ان کے نمائشی میچ کھیلنے کا اعلان کیا گیا تھا، مگر میسی کے میچ میں حصہ نہ لینے پر شائقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، جو احتجاج اور ہنگامے میں تبدیل ہوگئی۔ اس واقعہ سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔