صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی صورتحال پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کے سامنے حقیقت واضح کریں۔اترپردیش کے کیراانہ میں خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے اروناچل پردیش کی سرحد کے قریب چینی دراندازی سے متعلق آئی ٹی بی پی کے ڈائریکٹر جنرل سے منسوب بیانات
کا حوالہ دیا اور سوال کیا کہ اس معاملے پر مرکزی حکومت خاموش کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت سے جڑے اس اہم مسئلے پر حکومت کو واضح موقف اختیار کرنا چاہئے۔بیرسٹر اسد اویسی نے زور دیا کہ ہندوستانی سرحدوں کے تحفظ کے لئے حکومت کو مضبوط اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مبینہ چینی موجودگی کو ختم کرنے میں ناکام ہے تو اسے زیادہ مضبوط قیادت کے لئے راستہ چھوڑ دینا چاہئے۔