کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے درخواست کی ہے کہ وہ دھوکہ سے روس - یوکرین جنگ میں شامل کئے جانے والے ہندوستانی نوجوانوں کی بحفاظت وطن واپس لانے کے لئے فوری مداخلت کریں ۔ تاکہ محمد احمد اور تین دیگر ہندوستانی شہریوں کو بچایا جا سکے، جنہیں مبینہ طور پر بھرتی کرنے والے ایجنٹوں نے دھوکہ دے کر روس-یوکرین جنگ میں لڑنے کے لیے روسی فوج میں شامل ہونے پر مجبور
کیا۔بیرسٹر اویسی نے بتایا کہ ایجنٹوں نے ان افراد کو روس میں پرکشش ملازمتوں، جیسے "آرمی سیکیورٹی ہیلپرز" یا تعمیری کام، کے وعدوں کا لالچ دیا، لیکن وہاں پہنچنے پر ان کے پاسپورٹ مبینہ طور پر ضبط کر لیے گئے اور انہیں جبراً فوجی تربیت لینے اور جنگی محاذ پر بھیجنے پر مجبور کیا گیا۔ بیرسٹر اوِسی نے اپنی درخواست میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر زور دیا کہ ان افراد کی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہے اور ان کے خاندان پریشانی کی حالت میں ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ فوری طور پر ان کی رہائی اور وطن واپسی کو یقینی بنایا جائے۔