ذرائع:
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے روز اعتماد ظاہر کیا کہ 2029 سے قبل بی جے پی اور این ڈی اے زیر اقتدار تمام 21 ریاستوں میں یکساں سول کوڈ (UCC) نافذ کردیا جائے گا۔ممبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ حکومت نے کئی ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ کیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ 2029 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل این ڈی اے اور بی جے پی کی حکومت والی تمام 21 ریاستوں میں بھی اسے نافذ کردیا جائے گا۔ مدھیہ پردیش گزشتہ ماہ یکساں سول کوڈ کی منظوری دینے والی تازہ ترین ریاست بنی۔ بھوپال کے
جگدیش پورہ میں منعقدہ خصوصی کابینی اجلاس میں یو سی سی کو متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔اتراکھنڈ فروری 2024 میں یکساں سول کوڈ قانون منظور کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بنی تھی۔ اس کے بعد گجرات نے گزشتہ سال یو سی سی نافذ کیا، جبکہ آسام مئی 2026 میں یکساں سول کوڈ بل منظور کرنے والی شمال مشرقی ہندوستان کی پہلی ریاست بن گئی۔ امیت شاہ نے کہا کہ حکومت نے بھارتیہ نیائے سنہتا کے نفاذ کے ذریعے ملک کے فوجداری نظام انصاف کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی ریاستوں میں صرف ایک سال کے اندر سزا کی شرح بڑھ کر 30 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔