ذرائع:
الہ آباد ہائی کورٹ نے ایک شخص کو آٹھ دن تک غیر قانونی طور پر پولیس حراست میں رکھنے کے معاملے میں اتر پردیش حکومت کو متاثرہ منصور احمد کو 2 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ہدایت دی کہ یہ رقم چھ ہفتوں کے اندر ادا کی جائے اور بعد میں محکمہ جاتی تحقیقات کے بعد اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (بارا) سے وصول کی جائے۔
جسٹس سدھارتھ اور جسٹس ونئے کمار دویدی پر مشتمل بنچ نے پولیس کمشنر، پریاگ راج کو 14 ستمبر تک عمل آوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے خبردار کیا کہ عدم تعمیل
کی صورت میں انہیں ذاتی طور پر عدالت میں حاضر ہونا ہوگا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پریاگ راج کمشنریٹ میں اختیارات کا غلط استعمال تشویشناک ہے۔ عرضی کے مطابق منصور احمد کو پولیس نے مبینہ طور پر گھر سے اٹھا کر آٹھ دن تک غیر قانونی حراست میں رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد پایا کہ پولیس کے دعوے کے برخلاف منصور احمد کی جانب سے مچلکہ جمع کرانے سے انکار کا کوئی ثبوت موجود نہیں، جس پر پولیس کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے معاوضے اور ذمہ دار افسر کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کیا گیا۔