نئی دہلی ، 29 اپریل (یو این آئی) سید سعادت اللہ حسینی کو دوبارہ جماعت اسلامی ہند کا امیر منتخب کر لیا گیا ہے۔ مرکزی مجلس نمائندگان جن میں 36 خواتین شامل تھیں، نے 26 اپریل سے 29 اپریل 2023 تک جماعت کے مرکز، نئی دہلی میں با ہمی صلاح و 162 مشورہ ، گفت و شنید اور مباحثے کے بعد انہیں اپریل 2023 سے مارچ 2027 تک چار سالہ مدت کے لئے امیر جماعت اسلامی ہند منتخب کیا۔ سید سعادت اللہ حسینی اس سے قبل اپریل 2019 تا 2023 جماعت کے امیر منتخب کئے گئے تھے۔ اس سے قبل وہ وہ جماعت کی مختلف ذمہ داریوں سے وابستہ رہے ہیں۔
انہوں نے جماعت کے نائب امیر اور مرکزی مشاورتی کونسل کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔ وہ ایک دانشور ، ادیب اور سماجی رہنما ہیں ، زمانہ طالب علمی سے ہی سماجی کارکن رہے۔ وہ جماعت کی طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامی آرگنائزیشن آف انڈیا (
ایس آئی او) کی مسلسل دو میعادوں (1999 سے 2003) قومی صدر رہے۔
جماعت اسلامی کے صدر حیدر آباد ، بنگلور، نئی دہلی، علی گڑھ اور ہندوستان کے دیگر شہروں میں بہت سی سماجی اور علمی تنظیموں کے بورڈز میں شامل ہیں۔ وہ مختلف رسائل، جرائد اور اخبارات میں عصری مسائل اور حالات حاضرہ پر لکھنے والے مستقل کالم نگار ہیں۔ انہیں ادب سے خاص دلچسپی ہے اور نئی دہلی سے شائع ہونے والا ایک فکری و تحقیقی رسالہ ”زندگی نو “ کے چیف ایڈیٹر ہیں۔ ان کی اردو اور انگریزی میں 22 سے زائد کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں جبکہ 400 سے زیادہ مضامین قارئین میں پذیرائی حاصل کر چکے ہیں۔ ان کی کتابوں اور مضامین میں عموماً جن موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے، ان میں عصر حاضر میں اسلام کا اطلاق، اسلامی سر گرمیاں ، مسلم اور اقلیتی مسائل، پالیسی سازی، فلسفہ ، معاشیات اور صنفی وغیرہ سے متعلق ہیں۔