کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے ہمیشہ تعلیم کو اہمیت دی جاتی رہی ہے اور بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جاتے رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں آج 28 ستمبر 2026 کو حیدرآباد کے دارالسلام میں واقع اے آئی ایم آئی ایم مرکزی دفتر میں سرکاری اردو میڈیم ہائی اسکولوں کے طلبہ میں ’سالارِ ملت آل اِن ون گائیڈ‘ تقسیم کی گئی۔اے آئی ایم آئی ایم کے صدر بیرسٹر اسد الدین اویسی نے طلبہ میں یہ تعلیمی مواد تقسیم کیا، تاکہ وہ امتحانات کی بہتر تیاری کرسکیں۔ اس موقع پر اے آئی ایم آئی ایم کے
ارکانِ اسمبلی، ایم ایل سی، سابق کارپوریٹرز، سینئر کارکنان اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔ مجلس چیریٹیز ایجوکیشنل اینڈ ریلیف ٹرسٹ کی جانب سے ستمبر 2026 میں تلنگانہ کے سرکاری اردو میڈیم اسکولوں کے 8 ہزار طلبہ کو ’سالارِ ملت آل اِن ون گائیڈ‘ فراہم کی جارہی ہے، جس پر تقریباً 24 لاکھ 64 ہزار روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔ یہ تعلیمی خدمت سال 2005 میں مرحوم سالارِ ملت سلطان صلاح الدین اویسیؒ کی جانب سے شروع کیے گئے اقدام کا تسلسل ہے، جس کا مقصد ضرورت مند بچوں کو تعلیم کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔