ذرائع:
ایک طرف یوم آزادی کا جشن تو دوسری طرف ایک بزگ خاتون کے گلے سے بے رحمی سے چین چھین کر فرار ہونے کا تشویشناک واقعہ۔
یہ افسوسناک واقعہ اترکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون میں ١٥ اگست کو دن دہاڑھے پیش آیا۔
اترکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون میں سیکیورٹی اور امن و امان کے حوالے سے تشویش پیدا کرنے والا یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جہاں ایک بزرگ خاتون سے چین اسنیچنگ کی واردات پیش آئی۔اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شام تقریباً 5 بجے دہرادون کی وسنت وہار کالونی، فیز ٹو میں گیٹ نمبر 82 کے سامنے پیش آیا۔ بتایا جارہا ہے کہ نامعلوم شخص خاتون کے گلے سے چین چھین کر فرار ہوگیا۔ واردات کے بعد خاتون بے بسی کے عالم میں مدد کے لیے چیختی اور فریاد کرتی نظر آئیں۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں خاتون
کو سڑک پر مدد کے لیے پکارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔اہم بات یہ ہے کہ واقعہ وسنت وہار کالونی میں پیش آیا، جسے سرکاری افسران اور اعلیٰ سرکاری ملازمین کی رہائش کے لیے ایک اہم اور حساس علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ ایسے علاقے میں دن کے وقت چین اسنیچنگ کی واردات نے سیکیورٹی انتظامات پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ مقامی سطح پر یہ سوال بھی اٹھایا جارہا ہے کہ اگر دہرادون کی ایک اہم اور افسران کی رہائشی کالونی میں بھی شہری محفوظ نہیں ہیں تو عام علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کیا ہوگی؟ یہ واقعہ ایک بار پھر دارالحکومت دہرادون میں خواتین کی سلامتی اور جرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس کی جانب سے کیے جانے والے سیکیورٹی انتظامات کی مؤثریت پر توجہ مبذول کراتا ہے۔ فی الحال واقعے سے متعلق مزید تفصیلات، ملزم کی شناخت اور پولیس کارروائی کے بارے میں معلومات کا انتظار ہے۔