تلنگانہ: کورٹلہ بس اسٹیشن میں منگل کے روز ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم نوجوان نے آر ٹی سی بس چوری کر کے تقریباً 25 کلومیٹر تک دوڑائی۔ اس دوران بس کی ٹکر سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے طویل تعاقب کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق بس نمبر TS 01 Z 0103 کورٹلہ بس اسٹانڈ کے پلیٹ فارم نمبر 9 پر کھڑی تھی۔ ڈرائیور اور کنڈکٹر کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک نوجوان بس لے کر فرار ہوگیا۔ تیز رفتاری سے نظام آباد قومی شاہراہ 63 پر جاتے ہوئے دیسائی بیڑی فیکٹری کے قریب بلال پورہ کے
رہائشی 48 سالہ سید شکیل کی ٹی وی ایس ایکسل موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کورٹلہ پولیس نے مٹ پلی پولیس کو آگاہ کیا اور بس کا تعاقب شروع کردیا۔ مٹ پلی حدود میں بھی چور نے ایک اور دو پہیہ گاڑی کو ٹکر مار دی، جس سے اس پر سوار شخص بھی زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مسلسل تعاقب سے گھبرا کر ملزم نے کمرپلی گنڈی علاقے میں بس ایک درخت سے ٹکرا دی اور فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے اسے دبوچ کر مٹ پلی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزم کم عمر تھا اور مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا۔