تلنگانہ 23 فروری 2026 (اعتماد نیوز) عادل آباد ضلع کے اُٹنُور منڈل میں پیر کی صبح ایک آر ٹی سی بس حادثے کا شکار ہو گئی۔ شانپور کے قریب واقع تنگ پل پر بس بے قابو ہو کر کنال میں جا گری۔ بتایا جارہا ہے کہ حادثے کے وقت بس میں تقریباً 35 مسافر سوار تھے۔واقعہ کے فوری بعد مقامی افراد جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے مسافروں کو بحفاظت بس سے باہر نکالا۔ بعض زخمیوں کو 108 ایمبولینس کے ذریعے اُٹنُور کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔۔۔جبکہ بعض مسافروں کو عادل آباد رمس اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی معائنہ
کے مطابق تمام مسافر محفوظ بتائے گئے، تاہم کنڈانکٹر سمیت بعض کو ہلکی چوٹیں آنے کی اطلاعات ہیں۔۔۔۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ اسکاننگ کے بعد ہی تفصیلی رپورٹ سامنے آئے گی۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ تنگ پل پر اس سے قبل بھی متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں، مگر متعلقہ حکام کی جانب سے پل کی توسیع یا متبادل کشادہ پل کی تعمیر کے لئے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلسل پیش آنے والے حادثات کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر تنگ پل کو منہدم کر کے وسیع و محفوظ پل تعمیر کیا جائے تاکہ مستقبل میں جانی نقصان سے بچا جا سکے۔