حیدراباد کے مضافاتی علاقہ میڑچل پولیس اسٹیشن کے حدود میں ترکا پلی کے قریب چہارشنبہ کی آدھی رات ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک کمسن بچہ شدید زخمی حالت میں زیرِ علاج ہے۔
تفصیلات کے مطابق کریم نگر سے حیدرآباد کی طرف آنے والی ایک بریزا کار بے قابو ہوکر ڈییوڈر سے ٹکرا کر سڑک کی دوسری جانب چلی گئی اور ایک لاری سے ٹکرا گئی۔لاری حیدراباد سے کریم نگر کی طرف جارہی تھی حادثے
میں کار ڈرائیور چندر شیکھر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
شدید زخمی حالت میں ان کی اہلیہ ریکھا، 7 سالہ بیٹا لوہت اور ریکھا کے بہن کا 2 سالہ بیٹا نہال کو فوری طور پر مقامی افراد نے آر وی ایم اسپتال منتقل کیا۔ تاہم علاج کے دوران ریکھا اور نہال بھی دم توڑ گئے۔حادثے میں شدید زخمی لوہت کا علاج جاری ہے۔ ایک ہی خاندان کے تین افراد کی ہلاکت کے بعد علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں اور حادثے کی وجوہات معلوم کررہی ہے۔