ذرائع:
حیدرآباد کے سابق ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین کے قتل کی مبینہ سازش کا پولیس نے انکشاف کرتے ہوئے پانچ ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق بورابنڈہ کے عمران خان نے اپنے بھائی فیاض خان اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر سابق ڈپٹی میئر کو قتل کرنے کے لیے 20 سے 25 لاکھ روپے کی سپاری دینے کی پیشکش کی تھی، جبکہ منصوبے کے لیے 5 لاکھ روپے پیشگی ادا کیے جانے کا بھی
الزام ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین مہلک ہتھیاروں کے ساتھ بابا فصیح الدین کی رہائش گاہ کے اطراف ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے کارروائی کرتے ہوئے عمران خان، دیورا راجہ، فیاض خان، کاشف شیخ اور نواز کو گرفتار کرلیا۔ پولیس سازش کے اصل سرغنوں اور مالی مدد فراہم کرنے والوں کی شناخت کے لیے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔