ذرائع:
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتہ 10 اکتوبر کو پیش آئے حملے میں حیدرآباد کے علاقہ مہدی پٹنم سے تعلق رکھنے والے 46 سالہ محمد یوسف جاں بحق ہوگئے میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ ریاض میں آئی ٹی پروفیشنل کے طور پر کام کر رہے تھے اور تقریباً ایک ہفتہ قبل اپنی اہلیہ، دو بیٹوں اور بیٹی کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کے لئے حیدرآباد سے سعودی عرب پہنچے تھے۔اطلاعات کے مطابق محمد یوسف کا خاندان مدینہ منورہ روانہ ہونے کے لئے ایئرپورٹ پر انتظار کر رہا تھا کہ
اسی دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے کے بعد گرے ملبے کی زد میں آنے سے محمد یوسف کی ٹانگوں پر شدید چوٹیں آئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ کچھ دیر کے لیے ہوش میں آئے، تاہم بعد میں انہیں دل کا دورہ پڑا۔ ان کی موت کی اصل وجوہات اور واقعے کی تفصیلات کی سرکاری طور پر توثیق نہیں ہوئی ہے۔اس واقعے میں محمد یوسف کی اہلیہ، بیٹی اور چھوٹا بیٹا بھی زخمی ہوئے ہیں اور ریاض کے ایک ہاسپٹل کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج بتائے گئے ہیں۔ ان کے بڑے بیٹے کو شیشے کے ٹکڑے لگنے سے متعدد زخم آئے اور اس کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی ہے۔