حیدرآباد: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور رانگ روٹ پر گاڑی چلانے کی لاپرواہی نے ایک 21 سالہ طالبہ کی جان لے لی۔ یہ افسوسناک حادثہ پیر کی صبح نلکنٹہ کے فیور اسپتال کے قریب پیش آیا، جہاں رانگ روٹ سے آنے والی موٹر سائیکل نے ایک طالبہ اور اس کے والد کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والی طالبہ کی شناخت عائشہ مسفرہ کے طور پر کی گئی ہے، جو عثمانیہ یونیورسٹی میں مائننگ انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔ وہ اپنے والد کے ساتھ کالج جا رہی تھیں کہ مخالف سمت سے رانگ روٹ پر آنے والی موٹر
سائیکل نے انہیں ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ عائشہ نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ایس بی آئی ملازم بی ایم دھرما راجو کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس افسوسناک واقعہ نے ایک بار پھر ٹریفک قوانین کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ محض چند منٹ بچانے کی خاطر رانگ روٹ پر گاڑی چلانا کسی کی زندگی چھین سکتا ہے اور پورے خاندان کو عمر بھر کے غم میں مبتلا کر سکتا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، رانگ روٹ سے گاڑی نہ چلائیں اور اپنی جلد بازی کی وجہ سے کسی بے گناہ کی جان خطرے میں نہ ڈالیں۔