کرناٹک 25 دسمبر 2025 (اعتماد نیوز) کرناٹک میں پیش آئے ایک ہولناک سڑک حادثے میں 17 افراد زندہ جل کر ہلاک اور 13 شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ جمعرات کی علی الصبح تقریباً 3 بجے چترادرگا ضلع کے جاوراگندنہلّی کے قریب پیش آیا، جہاں بنگلور سے گوکرنا جانے والی ایک خانگی ٹراویلس بس کو تیز رفتار لاری نے زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر کے باعث بس کا ڈیزل ٹینک پھٹ گیا اور لمحوں میں بس آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔عینی شاہدین کے
مطابق بس کے پچھلے حصے میں سوار مسافر باہر نہ نکل سکے اور آگ میں جھلس گئے، جبکہ اگلے حصے میں بیٹھے چند افراد نے شیشے توڑ کر جان بچالی۔ حادثے کے وقت بس میں 32 مسافر سوار تھے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تیز رفتاری اور لاپرواہی کے زاویے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔