ذرائع:
جادو ٹونے کے بہانے ایک شخص کو قتل کر کے لاش جلا کر راکھ کرنے کا دل دہلا دینے والا واقعہ نرمل ضلع میں پیش آیا، جو تاخیر سے منظرِ عام پر آیا ہے۔کڈم منڈل کے اُڈوم پور گرام پنچایت کے تحت گنڈی گوپال پور گاؤں سے تعلق رکھنے والے دیشینی بھیمیا عمر 55 سال کو اسی گاؤں کے رہنے والے موتی نریش اور اس کے بھائی موتی ملیش نے 10 دسمبر کی آدھی رات کے وقت لکڑی کے ڈنڈے سے مار کر قتل کر دیا۔ بعد ازاں مقتول کی لاش کو گاؤں کے قریب جنگلاتی
علاقہ میں لے جا کر جلا کر راکھ کر دیا گیا۔مقتول کی دو بیٹیاں ہیں جن کی شادیاں ہو چکی ہیں، جبکہ وہ اپنی ماں کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر خانہ پور سرکل انسپکٹر اجے اور کڈم ایس آئی سائی کرن جائے وقوعہ پر پہنچے، مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کیں۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمین نے جادو ٹونے کے بہانے بھیمیا کو قتل کیا۔ سرکل انسپکٹر اجے نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ کی مکمل جانچ جاری ہے اور ملزمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔