ذرائع:
گوا کے اربورا گاؤں میں واقع "برچ بائی رومیو لین" نائٹ کلب میں آدھی رات کو گیس سلینڈر پھٹنے سے خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس میں 23 افراد ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں 4 سیاح اور باقی کلب کے ملازم تھے، جن میں 3 خواتین کچن اسٹاف بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق 3 افراد جھلس کر جبکہ 20 افراد دم گھٹنے سے فوت گئے۔فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ چیف منسٹر پرمود ساونت اور ایم ایل اے مائیکل لوبو نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ چیف
منسٹر نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تفصیلی تحقیقات کرائی جائیں گی، اور اگر نائٹ کلب میں حفاظتی معیارات کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پرمود ساونت نے یہ بھی کہا کہ کلب کو اجازت دینے والے متعلقہ سرکاری عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ نعشوں کو سرکاری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور علاقے میں موجود تمام نائٹ کلبوں کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے۔ غیر مجاز کلبوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔