ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنو میں واقع ایک کوچنگ سینٹر میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ متعدد افراد زخمی حالت میں زیرِ علاج ہیں۔ اپنی جان بچانے کے لیے کچھ لوگوں نے عمارت کی بالائی منزلوں سے نیچے چھلانگ لگا دی۔ اس حادثے کی ویڈیوز اور مناظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔ لکھنؤ کے علاقے علی گنج میں واقع تین منزلہ عمارت کی بالائی منزل پر پہلے آگ بھڑک اٹھی جو بعد میں اوپر موجود کوچنگ سینٹر تک پھیل گئی۔ آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث علاقے میں کثیف
دھواں چھا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کئی طلبہ بھی شامل ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔آگ میں پھنسے ہوئے کئی افراد نے اپنی جان بچانے کے لیے اوپر سے چھلانگ لگا دی۔ ایک شخص ٹوٹی ہوئی کھڑکی سے باہر نکلنے کی کوشش کے دوران نیچے گر گیا تاہم مقامی لوگوں نے فوری طور پر اسے بچا لیااور زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا۔ کچھ افراد برقی یا مواصلاتی تاروں کو پکڑ کر لٹکتے ہوئے باہر نکلنے کی کوشش کرتے رہے۔مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ آتشزدگی کے تقریباً 30 منٹ بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں جس کی وجہ سے آگ مزید شدت اختیار کر گئی اور بڑے پیمانے پر پھیل گئی۔