ذرائع:
آندھرا پردیش میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر بیٹی نے اپنے عاشق کی محبت میں اپنی ماں کو قتل کردیا۔ یہ واقعہ گنٹور ضلع کے پونور میں پیش آیا۔ پونور سے تعلق رکھنے والی 45 سالہ لکشمی کو علی الصبح قتل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کی بیٹی پشپا لتا نے اپنے عاشق راجہ کے ساتھ مل کر ماں کو قتل کیا۔ پش لتا کی پہلے شادی ہوچکی تھی تاہم شوہر کی موت کے بعد اس نے وجئے واڑہ سے تعلق رکھنے والے راجہ نامی نوجوان سے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات قائم کرلیے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں نے مل کر لکشمی کو
قتل کرنے کے بعد گھر سے سونا اور نقد رقم لے لی اور فرار ہوگئے۔ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب پشپا لتا کے بیٹے نے بتایا کہ اس کی ماں اور اس کے ساتھی نے مل کر اس کی نانی کو قتل کیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزمین کی تلاش جاری ہے۔ رشتہ داروں کا الزام ہے کہ راجہ کے ساتھ پشپا لتا کے مبینہ ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے کی وجہ سے اس نے اپنی ماں کو قتل کیا۔ رشتہ داروں نے ملزمین کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ باپ کی موت کے بعد ماں کی جانب سے نانی کے قتل اور عاشق کے ساتھ فرار ہوجانے پر بچہ بے سہارا ہوگیا ہے۔