حیدرآباد 25 دسمبر 2025 (اعتماد نیوز) حیدرآباد کے شمس آباد پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع کاویلی گوڑہ کے قریب ایک نوجوان کے بہیمانہ قتل کا واقعہ جمعرات کی صبح منظرِ عام پر آیا۔ پولیس اور مقامی افراد کے مطابق معین آباد منڈل کے وینکٹاپور گاؤں سے تعلق رکھنے والا 26 سالہ مہیش مقامی طور پر ہیئر سیلون چلا کر روزگار حاصل کرتا تھا۔ وہ کاویلی گوڑہ کے قریب قتل کیا گیا۔جمعرات کی علی الصبح رامنجاپور کے ایک مقامی لیڈر نے پولیس کو
اطلاع دی، جس پر انسپکٹر نریندر ریڈی کی قیادت میں پولیس عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا اور شواہد جمع کئے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی گردن پر چاقو کے وار کے نشانات پائے گئے ہیں۔
مقامی افراد کو شبہ ہے کہ یہ قتل ناجائز تعلقات کے پس منظر میں انجام دیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مہیش کو بات چیت کے بہانے بلا کر قتل کیا گیا ہوگا۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہاسپٹل منتقل کر دیا ہے اور مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے۔