ذرائع:
گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری اور ان کے خاندان کے سات افراد کے قتل کے مقدمہ میں سپریم کورٹ نے دو مجرموں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی عمر قید کی سزا معطل کردی۔ جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسنّا بی ورالے پر مشتمل بنچ نے 28 اکتوبر کو یہ حکم جاری کیا، جو اب منظر عام پر آیا ہے۔ ضمانت حاصل کرنے والوں میں بپن چندر جوشی اور پردیپ مودھیا شامل ہیں۔ دونوں مجرم 17 سال سے زائد عرصہ جیل میں گزار چکے ہیں۔ ان کے وکلاء نے طویل قید اور ایک مجرم کی جسمانی معذوری کو
ضمانت کی بنیاد بنایا تھا، جبکہ حکومت نے اس کی مخالفت کی۔ واضح رہے کہ مارچ 2002 میں گجرات فسادات کے دوران پانچ ماہ کی حاملہ بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری کی گئی تھی اور ان کی تین سالہ بیٹی سمیت خاندان کے سات افراد کو قتل کردیا گیا تھا۔ اس مقدمہ میں 11 افراد کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، جنہیں اگست 2022 میں گجرات حکومت نے رہا کردیا تھا، تاہم سپریم کورٹ نے 8 جنوری 2024 کو اس رہائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے منسوخ کردیا تھا۔ تازہ حکم کے تحت صرف دو مجرموں کی سزا اپیلوں کی سماعت تک معطل کی گئی ہے، ان کی سزا ختم نہیں کی گئی ہے۔