ذرائع:
حیدرآباد میں پولیس کمپیوٹر سروسز (PCS) میں تعینات ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنکی ریڈی بھیم ریڈی کے خلاف تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو (ACB) نے آمدنی سے زائد اثاثوں کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔اے سی بی نے بیک وقت ڈی ایس پی کی رہائش گاہ سمیت ان کے رشتہ داروں، مبینہ بے نامی داروں اور قریبی افراد سے وابستہ 16 مقامات پر چھاپے مارے۔کارروائی کے دوران ولا، مکانات، فلیٹس، کمرشل جائیدادیں، زرعی اراضی، کھلے پلاٹس اور ایک مائننگ کمپنی میں سرمایہ کاری
سمیت بڑی مالیت کے اثاثوں کے دستاویزات برآمد ہوئے۔اس کے علاوہ تقریباً 43.6 لاکھ روپے نقد، 2 کلو سونا، 20 کلو چاندی اور مختلف بینک کھاتوں میں موجود رقم بھی ضبط کی گئی۔ اے سی بی کے مطابق برآمد ہونے والی جائیدادوں کی اصل مارکیٹ ویلیو سرکاری ریکارڈ میں درج قیمت سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ تلاشی کے دوران 23 غیر ملکی شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں، جن کے معاملے کو مزید کارروائی کے لیے محکمہ ایکسائز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔اے سی بی کا کہنا ہے کہ مزید اثاثوں کی جانچ جاری ہے اور کیس کی تفتیش بھی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔