ذرائع:
سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر ریلوے پولیس اور ریلوے پروٹیکشن فورس (RPF) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 60 لاکھ روپے مالیت کے جعلی کرنسی نوٹوں کی منتقلی میں ملوث 19 سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار نوجوان کی شناخت راجستھان کے ضلع بیکانیر سے تعلق رکھنے والے شیوراجن ماہیا کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے 500 روپے مالیت کے جعلی نوٹوں کے 12 بنڈل ضبط کیے ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 60 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ پولیس کی تفصیلات کے مطابق
راجستھان کے اوم پرکاش نامی شخص نے نوجوان کو جے پور سے ممبئی تک جعلی کرنسی منتقل کرنے کے لیے 2 لاکھ روپے دینے کا لالچ دیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم 30 اکتوبر کو حیدرآباد پہنچا تھا۔ بعد ازاں وہ ممبئی جانے والی ممبئی ایل ٹی ٹی ایکسپریس کے جنرل ڈبے میں سفر کر رہا تھا کہ ریلوے پولیس اور آر پی ایف کے اہلکاروں نے اسے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے جعلی کرنسی ضبط کرتے ہوئے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں اور اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی تفصیلات بھی معلوم کی جا رہی ہیں۔