حیدرآباد۔8۔فروری (اعتمادنیوز) جوان بیٹے کی موت سے دل برداشتہ ایک شخص نے پی وی نرسمہا راؤ ایکسپریس وے سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ راجندرنگر پولیس نے بتایاکہ پلر نمبر206کے پاس سے 50سالہ وینکٹیا ساکن اپر پلی نے یہ انتہائی اقدام کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کوپتہ چلاہے کہ 9ماہ قبل وینکٹیا کے بیٹے کی موت واقع ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ انتہائی غمگین تھا۔بیٹے کی موت سے ہی دل برداشتہ وینکٹیا نے اپنی جان دے دی۔
معاشی پریشانیوں کی وجہ سے ایک شخص نے جان دے دی
حیدرآباد۔8۔فروری (اعتمادنیوز) معاشی پریشانیوں سے تنگ آکر ایک شخص نے پھانسی لیتے ہوئے خودکشی کرلی۔ ایل بی نگر پولیس نے بتایاکہ 48سالہ پی نند کشور پیشہ سے باوچی تھا اس نے جمعہ کی رات دیر گئے اپنے مکان واقع ایس بی ایچ کالونی ایل بی نگر میں یہ انتہائی اقدام کیا۔ وہ گذشتہ کئی دنوں سے معاشی طورپر پریشان
تھا۔
اتفاقی طور پر جھلس جانے والی خاتون فوت
حیدرآباد۔8۔فروری (اعتمادنیوز) پکوان کے دوران اتفاقی طورپر جھلس جانے سے ایک خاتون فوت ہوگئی۔ آصف نگر پولیس نے بتایاکہ 4فروری کو کے سویتا اپنے مکان جگدماں نگر کالونی میں پکوان کررہی تھی کہ اسٹو سے آگ بھڑک گئی ۔ سویتا کی ساڑی کو آگ لگ گئی جس سے وہ بری طرح جھلس گئی تھی ۔ علاج کے دوران آج سویتا زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔
ٹرین کی زد میں آکر نامعلوم مرد اور خاتون ہلاک
حیدرآباد۔8۔فروری (اعتمادنیوز) ٹرین کی زد میں آکر ودیا نگر کے قریب ایک نامعلوم 32سالہ مرد اور 35سالہ خاتون ہلاک ہوگئے۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس کے سب انسپکٹر ریاض احمد نے بتایاکہ ہفتہ کی دوپہرپٹریاں عبور کرنے کے دوران یہ دونوں ٹرین کی زد میں آگئے اور برسرموقع ہلاک ہوگئے۔ مرد کے جسم پر خاکی کلر کا شرٹ اور سرمائی پتلون ہے۔ جبکہ خاتون کے جسم پر نیلے رنگ کی ساڑی ہے ۔