نئی دہلی 30 مئی (یو این آئی) جنوری - مارچ سہ ماہی میں 7.4 فیصد کی شرح سے بڑھنے والی مجموعی گھر یلو پیداوار ( جی ڈی پی ) کے زور پر ہندوستانی معیشت نے مالی سال 2024-25 میں 6.5 فیصد کی شرح نمو حاصل کر کے دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی معیشت کا خطاب برقرار رکھا، لیکن یہ شرح نمو چار سالوں میں سب سے کم ہے۔
جمعہ کو سینٹرل اسٹیٹسٹکس آفس (این ایس او) کی طرف سے جاری کردہ جی ڈی پی کے اعداد و شمار کے مطابق جی ڈی پی نے آخری سہ ماہی جنوری تا مارچ میں 7.4 فیصد کی متوقع شرح سے بہتر اضافہ کیا، جو کہ پچھلی تین سہ ماہیوں سے زیادہ ہے۔ مالی سال 2023-24 کی آخری سہ ماہی
میں جی ڈی پی کی شرح نمو 8.4 فیصد تھی۔ دسمبر میں ختم ہونے والی تیسری سہ ماہی کے جی ڈی پی کے اعداد و شمار کو 6.4 فیصد پر نظر ثانی کر دیا گیا ہے۔ مارچ 2025 میں ختم ہونے والی سہ ماہی میں برائے نام جی ڈی پی کی شرح نمو کا تخمینہ 10.8 ہے۔ این ایس او کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 میں حقیقی جی ڈی پی میں 6.5 فیصد اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ برائے نام جی ڈی پی نے مالی سال 2024-25 میں 9.8 فیصد کی شرح نمود یکھی ہے۔ تاہم ، مالی سال 2024-25 کے حقیقی جی ڈی پی کے اعداد و شمار پچھلے چار سالوں میں سب سے کم ہیں۔ یہ شرح نمو مالی سال 2021-22 میں 9.7 فیصد ، 2022-23 میں 7.6 فیصد اور 2023-24 میں 9.2 فیصد تھی۔