the etemaad urdu daily news
آیت شریف حدیث شریف وقت نماز

ای پیپر

To Advertise Here
Please Contact
editor@etemaaddaily.com

مسجدمصطفیٰ، سید نگر ۲ فرسٹ لانسر اور حمیدیہ شرفی چمن میں ڈاکٹر حمید الدین شرفی کے ’’حضرت تاج العرفاء ؒ یادگار خطابات‘‘

حیدرآباد ۔۱؍جولائی( پریس نوٹ) روزہ فرض عبادت اور دین حق اسلام کا اساسی رکن ہے اللہ تعالیٰ نے روزوں کو اپنے ایمان والے بندوں پر سال بھر میں ایک ماہ رمضان مبارک کی حد تک فرض فرمایا ہے رمضان شریف کے علاوہ جو روزے رکھے جائیں ان کے شریعت مطہرہ نے اور نام دئیے ہیں تاہم نذر کے واجب اور مسنون و نفل روزے بھی تقرب الٰہی کے حصول کے ضمن میں بہترین ذریعہ ہیں۔ روزہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا آئینہ دار اور روزہ دار بندہ کی اپنے خالق و رب سے سچی محبت کی دلیل ہے اسی لئے روزہ دار کے لئے اللہ تعالیٰ نے اجر خاص رکھا ہے۔طلوع صبح صادق سے غروب آفتاب تک روزہ کا وقت ہے اس دوران کھانے ،پانی پینے اور جماع سے رکے رہنا فرض ہے اور یہی حقائق نفس پر بھاری ہوتے ہیں اور روح کے لئے تازگی ، لطافت اور بالیدگی کا سبب بنتے ہیں۔ اکل و شرب جسم کے لئے لازمی ہیں ان کی کثرت نفس کو تقویت پہنچاتی ہے چوں کہ سال کے گیارہ مہینے انسان مرغن غذاؤں اور مقویات سے جسم کو توانا اور نفس کو قوت پہنچاتا رہتا ہے جس کے باعت روح پر اس کا مسلسل دباؤ رہتا ہے اور نفس کا غلبہ قائم و برقرار رہتا ہے لیکن جب ماہ رمضان آتا ہے تو اہل ایمان فرض روزوں کے ذریعہ روح کی تقویت و لطافت کا سامان کرتے ہیں اوقات صوم میں کھانے پینے اور جماع سے اجتناب نفس کے ضعف و ناتوانی کا باعث ہیں جب نفس کمزور ہوتا ہے تو روح کا اس پر غلبہ ہو جاتا ہے جو بندہ کو مائل بہ خیر و صالحیت کرنے کا موجب ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوے ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے یکم؍رمضان المبارک کو بعد نماز ظہر مسجد مصطفی سید نگر ۲، فرسٹ لانسر اور بعد نماز عصر ’’حمیدیہ‘‘ شرفی چمن ،سبزی منڈی میں روزہ دارمصلیوں کے اجتماعات سے خطاب کا شرف حاصل کیا۔ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) اور انتظامیہ مساجد کے تعاون سے منعقدہ اٹھارویں(۱۸) سالانہ حضرت تاج العرفاء سیف شرفی ؒ یادگار خطابات کے پہلے دن کے اجلاسوں کا آغاز قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ انھوں نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے بتایا کہ روزہ روح کو غالب اور نفس کو مغلوب کرنے کا سبب ہے روزہ میں نفس کی ایک بات نہیں چلتی۔ حرص، خواہشات، معصیت، برائی، ظلم، زیادتی، سرکشی، نافرمانی وغیرہ کا ہر امکان مٹ جاتا ہے۔ اخلاص عبادت، ہر نفسانی خواہش اور دباؤ کو بے اثر کرکے بندگی کے لطف سے مالا مال کرتا ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ روزہ صرف انسانوں کے ساتھ خاص ہے ان میں بھی اہل ایمان کو اس عبادت کا شرف حاصل ہے۔ دیگر مخلوقات معبود حقیقی کی عبادت مختلف انداز سے ذکر و تسبیح وغیرہ سے کرتے ہیں لیکن روزہ دیگر عبادات کے ساتھ انسان ہی ادا کرتا ہے اس عبادت خاص کے سبب بھی انسان کے کلاہ امتیاز میں طرہ عبدیت نمایاں نظر آتا ہے۔ روزہ ظاہر بدن کی اصلاح کے ساتھ باطنی تصفیہ کرتا ہے روح کو پاکیزگی ولطافت سے مزین کرکے قرب حق کے اعزاز پانے کے قابل بناتا ہے روزہ دار کی بوے دہن مشک سے کہیں زیادہ پسندیدہ ہے روزہ دار کا سانس لینا ذکر، خاموشی تسبیح اور نیند بجاے خود عبادت ہے۔ظاہری اور باطنی گناہوں اور آلائشوں سے دور اور پاک و صاف ہو کر صحیح معنوں میں ایک باعمل مسلمان ، قابل تقلید نمونہ بنی نوع انسان کے سامنے پیش کرتے ہیں اب ضرورت اس بات کی ہے کہ عبادات و صالحیت، فرائض کی ادائیگی اور حقوق کی تکمیل، اعلی اخلاقی تربیت اور مومنانہ کردار کی جو مشق رمضان مبارک میں ہوتی ہے اس کو عملاً تواتر کے ساتھ آنے والے گیارہ مہینوں اور پیش آئندہ ماہ و سال اور ساری زندگی جاری رکھیں تاکہ مقاصد حیات پورے ہو سکیں اور خالق کائنات رب العلمین کے افضال و اکرام کے دائماً مستحق بنے رہیں اور اُخروی نعمتوں سے سرفراز ہو سکیں۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے کہا کہ عصر حاضر کے سلگتے مسائل، اخلاقی انحطاط، صالح اقدار کی پامالی، خود غرضانہ روش اور مادّیت کے پیچھے بھاگتی دنیا کو حق و صداقت، عبادت معبود حقیقی، خدمت خلق اور روحانی قدروں کی اہمیت سے پوری انسانی برادری کو آگاہ کرنا ہر دین پسند، خیر خواہ انسانیت اور باشعور مسلمان پر ضروری ہے اس کے لئے قرآن مجید کی مقدس تعلیمات اور ارشادات نبوی ؐ کو ہر طرح زبان و عمل کے ذریعہ دوسروں تک پہنچانے کا عہد ماہ رمضان کی رواں ایام اور ساعتوں کا پیام ہے ۔ اس کام کے لئے جو خلوص نیت اور جذبہ صحیح کے ساتھ آگے آے تو یقیناًنصرت الٰہی اس کے ساتھ ہو جاے گی۔ اجلاسوں کے آخر میں بارگاہ رسالت ؐ میں سلام گزرانا گیا اور رقت انگیز دعا ئیں کی گئیں۔ 

اس پوسٹ کے لئے کوئی تبصرہ نہیں ہے.
تبصرہ کیجئے
نام:
ای میل:
تبصرہ:
بتایا گیا کوڈ داخل کرے:


Can't read the image? click here to refresh
http://st-josephs.in/

اوپینین پول

کون جیتے گا ایشیا کپ 2018 ٹرافی

انڈیا
پاکستان
بنگلہ دیش
http://www.darussalambank.com

موسم کا حال

حیدرآباد

etemaad rishtey - a muslim matrimony
© 2018 Etemaad Urdu Daily, All Rights Reserved.